سدا سیوپیٹ میں عرس حضرت محبوب باشاہ ؒ کا اختتام

   

سدا سیوپیٹ ۔18 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سدا سیو پیٹ میں گزشتہ تین دنوں سے منعقد ہونے والے حضرت محبوب پاشاہؒ اور حضرت سید شاہ محمد ؒکے عرس شریف کا کامیابی کے ساتھ اختتام ہوا۔ اس عرس شریف میں کرناٹک، مہاراشٹر ا، آندھرا پردیش و ریاست تلنگانہ سے کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ بروز چہار شنبہ جلوس صندل حضرت کی بیٹھک سے شروع ہو کر شہر کی مختلف سڑکوں سے گزرتا ہوا درگاہ شریف پہنچا ، جس میں صدر نشین بلدیہ ستیہ نارائنہ اور نائب صدر نشین بلدیہ چرو کے علاوہ کئی اراکین بلدیہ نے شرکت کی۔ بروز جمعرات اور جمعہ ہندوستان کے مشہور و معروف قوال رابعہ چشتی اور عدنان رضا نے اپنا کلام پیش کیا۔اس تین روزہ عرسِ شریف میں کئی سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔کل محفل قوالی میں ٹی پی سی سی ورکنگ پریسیڈنٹ جگاریڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس عرس شریف میں انتظامی کمیٹی کے ذمہ داروں کی طرف سے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔