حیدرآباد : 28 اگست ( ایجنسیز) فلکیاتی ماہرین کے مطابق اگلے ماہ 7 تاریخ کو سال کا ایک اہم فلکیاتی منظر پیش آنے والا ہے ۔ اس دن مکمل چاند گرہن ہوگا جو رات 8بجکر 58 منٹ پر شروع ہوکر اگلی صبح 1بجکر 25 منٹ تک جاری رہے گا ۔ اس دوران چاند سرخی مائل رنگ اختیار کرلے گاجسے ’ بلڈ مون ‘ کہا جاتاہے ۔ ماہرین فلکیات کے مطابق جب زمین ، سورج اور چاند کے درمیان حائل ہوجاتی ہے تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے ۔ مکمل گرہن کے وقت سورج کی روشنی براہ راست چاند تک نہیں پہنچ پاتی ، صرف زمین کے ماحول سے گزرنے والی روشنی ہی چاند پر پڑتی ہے ۔ فضا میں موجود ذرات نیلی روشنی کو جذب کرلیتے ہیں اور سرخ شعاعیں چاند تک پہنچتی ہیں ،اسی لئے چاند سرخ رنگ کا دکھائی دیتا ہے،جسے ’بلڈ مون ‘ کہاجاتاہے۔