اخلاص کے ساتھ ادائیگی حج پر رزق میں برکت ، کاماریڈی میں قاری رشید احمد اجمیری کا خطاب
کاماریڈی ۔21 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خوش نصیب ہے وہ مسلمان جسے حج کی توفیق مل جائے ، حاجی دراصل اللہ تعالیٰ کا مہمان ہوتاہے اللہ تعالیٰ اس مقدس سفر کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔ کاماریڈی میں عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے قاری رشید احمد اجمیری نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہاکہ اسلام ایک مکمل ضابط حیات ہے جو پانچ بنیادی ارکان پر قائم ہے ۔ نماز زکوٰۃ روزہ اور حج اس کے مضبوط ستون ہیں ۔حج میں انسان اپنی جان مال اور وقت تینوں اللہ کی راہ میں صرف کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ حج انسان کی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی پیدا کرتا ہے۔ مہمانِ مکرم نے فرمایا کہ اگرچہ آج کے دور میں حج بظاہر مہنگا محسوس ہوتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جو شخص اخلاص کے ساتھ حج ادا کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے رزق میں برکت عطا فرماتے ہیں یہ اللہ کے ساتھ ایسا سودا ہے جس میں کبھی نقصان نہیں ہوتا ۔جن لوگوں پر حج فرض ہو چکا ہے اُنہیں چاہیے کہ بلا تاخیر اس اہم فریضے کی ادائیگی کی فکر کریں کیونکہ زندگی اور مال دونوں غیریقینی ہیں ۔ قاری صاحب نے حرمین شریفین کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ وہ مقدس سرزمین ہیں جہاں ہمارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش مبارکہ ہوئی اور وہیں پر آپ ﷺ آرام فرما رہے ہیں نیز وہاں انبیاء علیہم السلام کے قدم پڑے ، صحابہ کرامؓ نے عبادتیں کیں اور اولیاء اللہ نے اپنے آنسو بہائے ، وہاں کا ہر لمحہ رحمتوں اور برکتوں سے بھرا ہوا ہے اور جو شخص وہاں جاتا ہے وہ یقیناً روحانی طور پر بدل کر آتا ہے اس لئے ہم بھی اپنے دل میں اللہ کے گھر میں حاضری ودیدار کا شوق پیدا کریں اور آنے کے بعد اللہ کے احکامات کو بجا لانے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک اور پیاری سنتوں کو اپنانے کا عہد اور ارادہ کرلیں ۔ مولانا اعجاز حسین اشرفی امام و خطیب جامع مسجد مرکزنے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا اور استقبالیہ کلمات ادا کیے ۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد عبد الرحیم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ حافظ محمد علیم الدین اور حافظ محمد انتظار احمد نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ پاک پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ نظامت کے فرائض حافظ محمد فہیم الدین منیری صدر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی نے ادا کئے ۔ الحاج مقصود احمد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ریاستی مینارٹی سیل چیرمن کانگریس تلنگانہ محمد عرفان و مصطفی چاوش اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی ، جبکہ الحاج محمد سراج الدین قائد کانگریس نے مہمانان کو تہنیت پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اجتماع کے اختتام پر قاری رشید احمد اجمیری کی رقت انگیز دعا پر پروگرام مکمل ہوا۔ مہمانوں کا استقبال الحاج محمد امجد خان (مالک مدینہ منزل) ، سید مبشر علی، الحاج میر مبشر علی ، عامر محمد، معیز اللہ ، محمد فیروز الدین ، محمد جاوید علی نائب صدر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی اور دیگر ذمہ داران نے کیا۔