سرفراز پر پابندی مانی کی آئی سی سی پرشدید تنقید

   

کراچی ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے نسل پرستانہ جملوں پر ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو دی گئی سزا پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے سخت فیصلہ قرار دیا ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی جانب سے باقاعدہ معافی مانگنے اور جنوبی افریقی ٹیم اور متعلقہ کھلاڑی کی جانب سے اسے قبول کرنے کے بعد سرفراز پر پابندی کی ضرورت باقی نہیں رہی تھی۔ یاد رہے کہ سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کے دوسرے میچ میں متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے غصے کے عالم میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ایندائل فلکوایو پر نسل پرستانہ جملے کہے تھے جس کو براہ راست سنا گیا تھا۔ بعدازاں سرفراز احمد نے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ سرفراز احمد نے نہ صرف اپنے بیان پر معذرت خواہی کی تھی بلکہ حریف بیٹسمین اور ٹیم نے بھی انہیں معاف کردیا تھا جس کے بعد آئی سی سی کی جانب سے سرفراز پر پابندی اور پی سی بی کی جانب سے انہیں وطن واپس طلب کئے جانے کے فیصلوں پر تنقید کی جارہی ہے۔