معیاری سہولت کیساتھ بہترین تعلیم کے نظم کیلئے حکومت کوشاں : کلکٹر
نظام آباد ۔17 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت آنے والی نسلوں کو روشن اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے کے عزم کے تحت تعلیمی شعبے کو غیر معمولی اہمیت دے رہی ہے۔ حکومت کی پالیسی کے مطابق سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے موپال منڈل کے بورگاؤں(پی)ضلع پریشد گورنمنٹ ہائی اسکول کا دورہ کیا اور وہاں والدین و طلبہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر کلکٹر ایلا ترپا ٹھی نے مشاہدہ کیا کہ متعدد والدین اپنے بچوں کو اسکول میں داخلہ دلانے کے لیے دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ والدین نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کو خانگی اسکولوں سے نکال کر سرکاری اسکول میں داخل کرا رہے ہیں کیونکہ یہاں معیاری تعلیم کے ساتھ مالی بوجھ بھی کم ہے۔ اس پر کلکٹر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکول آج خانگی تعلیمی اداروں کا مؤثر متبادل بن چکے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ سرکاری اسکولوں کی تعلیمی خوبیوں سے دیگر افراد کو بھی واقف کرائیں۔ بعد ازاں کلکٹر نے اسکول میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اضافی اراضی حاصل کرکے نئی جماعتی عمارتوں کی تعمیر کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مختلف جماعتوں کا معائنہ کیا، طلبہ کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے اور مفت درسی کتب و نوٹ بکس فراہم کیے۔ اس موقع پر ضلعی تعلیمی افسر پی۔ اشوک، تحصیلدار ریکھا، ایم ای او سائیلو، ہیڈ ماسٹر شنکر اور دیگر متعلقہ عہدیداران موجود تھے۔