سرکاری اسکولس سے ڈراپ آؤٹس کو ختم کرنے پر زور

   

ایس ای آر ٹی میں محکمہ تعلیمات کا اجلاس، وزیر تعلیم تلنگانہ سبیتا اندرا ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں وزارت تعلیم کے قلمدان کا عہدہ سنبھالنے والی شریمتی پی سبیتا اندرا ریڈی نے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں ’’ڈراپ آؤٹس‘‘ نہ رہنے کے لئے مؤثر و مثبت اقدامات کی عہدیداران تعلیمات کو ہدایات دیں۔ کیوں کہ ہر طالب علم کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہی ریاستی حکومت کا مقصد ہے اور ان خطوط پر ریاستی محکمہ تعلیمات کی مشنری کام کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ کے جی تا پی جی مشن کے ایک حصہ کے طور پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ تعلیمی اداروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کرتے ہوئے ترقی دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے ایس ای آر ٹی منعقدہ اجلاس میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداران کو ضروری ہدایات دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سبیتا اندرا ریڈی نے محکمہ کے مختلف شعبہ جات کی اساس پر عہدیداروں سے بات چیت کرکے ان شعبوں میں انجام دیئے جانے والے اقدامات اور ترقیاتی پروگرامس اور نتائج کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر امتحانات ایس ایس سی میں شاندار نتائج حاصل کرنے پر عہدیداروں، اساتذہ کی اُنھوں نے ستائش کی۔ انھوں نے مزید کہاکہ دیہی سطح پر ڈراپ آؤٹ طلباء کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور ان ڈراپ آؤٹ کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات اطمینان بخش نہ رہنے کا اظہار کیا۔ وزیر نے ڈراپ آؤٹ کے مسئلہ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دیں۔ ریاست میں تعلیم کے معیار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں تلنگانہ کا تعلیمی معیار کافی بہتر ہے۔ لیکن اس کے باوجود تلنگانہ کو تعلیمی شعبہ میں پہلے مقام کو حاصل کروانے کے لئے مزید بہتر انداز میں اقدامات کرتے ہوئے تعلیمی شعبہ میں ملک گیر سطح پر ہی پہلے مقام کو دلانے کی ممکنہ کوشش کی جانی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہاکہ مدارس میں طلباء کی حاضری کے فیصد میں اضافہ کے اقدامات پر زور دیا۔ سبیتا ریڈی نے ’’سوچھ ودیالیہ‘’ کے نام سے ہر اسکول میں 30 یومی منصوبہ کو روبہ عمل لانے کا بھی مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ پروگرام کو آئندہ بھی روبہ عمل لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے ریاستی اسمبلی کے جاریہ اجلاس کے اختتام کے بعد محکمہ تعلیم کے ہر شعبہ کا جائزہ لینے کا اظہار کیا اور اس جائزہ اجلاس کے لئے تمام عہدیداروں کو مکمل تیاری کے ساتھ شرکت کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی و دیگر اعلیٰ عہدیداران محکمہ تعلیم بھی شریک تھے۔