چیف سکریٹری شانتی کماری نے تمام محکمہ جات کو سرکولر روانہ کیا
حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت نے تمام سرکاری محکمہ جات بشمول اقلیتی بہبود میں خدمات انجام دینے والے عارضی اور ریٹائرڈ ملازمین کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو سرکولر جاری کرتے ہوئے کل 17 جنوری کی شام تک تمام تفصیلات پروفارما کے تحت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سرکاری محکمہ جات، ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ، کارپوریشن بورڈ اور سرکاری اداروں میں ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تقرر یا کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے افراد کی تفصیلات اور انہیں ادا کئے جانے والے معاوضہ کی تفصیلات ترجیحی بنیادوں پر چیف سکریٹری کے آفس کو روانہ کی جائیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد نئی حکومت نے سابق وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے تقررات کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزراء کی پیشی اور مختلف کارپوریشنوں اور اداروں میں کئے گئے عارضی تقررات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے گذشتہ ماہ تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو احکامات جاری کرتے ہوئے سابق وزراء کے پرائیویٹ سکریٹری، او ایس ڈی، ایڈیشنل پرائیویٹ سکریٹری، پرسنل اسسٹنٹ اور دیگر عہدوں پر کئے گئے مختلف نوعیت کے تمام عارضی تقررات کو فوری کالعدم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ واضح رہے کہ حکومت نے وزراء کی پیشی اور سرکاری اداروں میں کئے گئے عارضی تقررات کو ختم کرتے ہوئے سرکاری خزانہ پر اضافی بوجھ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔1