سرکاری جونیر کالجس کے طلبہ کا انٹر میڈیٹ میں شاندار مظاہرہ

   

محبوبیہ گرلز کالج کی افشاں جبین اورایم بھوانی کوریاست میں ٹاپ پوزیشن

حیدرآباد۔ انٹر میڈیٹ امتحانات میں گورنمنٹ جونیر کالجس کے طلبہ نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ گرلز جونیر کالج محبوبیہ گن فاؤنڈری کی طالبہ افشاں جبین نے بی پی سی فرسٹ ایئر انگلش میڈیم میں ریاست کے تمام گورنمنٹ کالجس میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اسی طرح سی ای سی سیکنڈ ایئر انگلش میڈیم کی طالبہ ایم بھوانی نے ریاست میں سیکنڈ ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ گورنمنٹ گرلز کالج محبوبیہ کی پرنسپل پی سہاشنی نے کالج کی طالبات کے بہتر مظاہرہ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ افشاں جبین نے بی پی سی فرسٹ ایئر میں 440 کے منجملہ 428 نشانات حاصل کرتے ہوئے کالج کا نام روشن کیا ہے جبکہ سی ای سی سیکنڈ ایئر میں ایم بھوانی نے 1000 نشانات میں سے 958 نشانات حاصل کئے۔ اسی دوران سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے کہا کہ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر انٹر میڈیٹ امتحانات میں گورنمنٹ جونیر کالجس کے طلبہ نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ ہر طالب علم کو مفت ٹکسٹ بکس سربراہ کررہی ہے۔ لکچررس باقاعدہ ٹسٹ کے ذریعہ طلبہ کے مظاہرہ پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں انہیں تعلیمی سال کے آغاز سے ہی امتحانی تیاری کے سلسلہ میں رہنمائی کی جارہی ہے۔ عمر جلیل نے بتایا کہ کئی طلبہ نے غیر معمولی مظاہرہ کیا ہے۔ مختلف زمروں میں ریاست میں گورنمنٹ جونیر کالجس کے طلبہ کا مظاہرہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے فرسٹ اینڈ سیکنڈ ایئر جنرل کے علاوہ ووکیشنل کورسیس کے کامیاب اور ٹاپرس کی تفصیلات جاری کی ہیں۔