ایک تا 19 سال عمر کے بچوں کو البینڈازول دوا کا استعمال ضروری : ڈی ایم ایچ او
نرمل ۔ 14 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایک سال سے 19 سال عمر کے تمام نوجوانوں اوربچوں کیلئے آنتوں کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے اور مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے Albendazole کی گولیاں استعمال کرنا ضروری ہے کیونکہ اس گولی سے بیشمار طبی فوائد ہیں ، ان خیالات کا اظہار نرمل ضلع کے ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر راجندر نے اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نرمل سید جلیل ازہر سے اپنے چیمبر میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا ۔ انھوں نے کہاکہ 13 تاریخ کو بین الاقوامی یوم انسداد آنتوں کے کیڑوں کے موقع پر نرمل اربن منڈل کے صوفی نگر گورنمنٹ گروکل اسکول میں ضلع کلٹر نرمل بھاویش مشرا کے ہاتھوں Albendazole کی گولیاں طلباء میں تقسیم کی گئیں اور اس کے فائدہ سے متعلق سمجھایا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ کھانا کھانے سے قبل پنے ہاتھ اچھی طرح دھویں خاص کر صفائی پر توجہہ دیں ۔ اپنے اطراف ماحول بھی صاف ستھرا رکھیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ڈاکٹر راجندر نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں تمام تر سہولیات حکومت کی جانب سے مہیا ہیں۔ ضلع کلکٹر بھاویش مشرا آئی اے ایس بھی بروقت دواخانوں کے انتظامیہ و کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے عوام کو سہولت پہونچانے میں کافی متحرک ہیں، ڈاکٹرز بھی دستیاب ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر رویندر ڈی ای ایم او ضلع نرمل بھی موجود تھے ۔ آخر میں ڈاکٹر راجندر نے کہاکہ غیرموسمی بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے ہر شہری صاف صفائی کی طرف خصوصی توجہہ دینی چاہئے ۔