سرکاری دواخانوں میں کینسر کے مریضوں کے لیے مفت کیمو تھراپی

   

عنقریب ضلعی سطح کے نرسیس کو تربیت ، محکمہ صحت تلنگانہ کی تیاری
حیدرآباد۔27نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں میںکینسر کے مریضوں کے لئے کیمو تھراپی کی مفت خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں او راس سلسلہ میں ریاست کے محکمہ صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی ریاست کے تمام اضلاع میں موجود دواخانوں میں خدمات انجام دینے والی نرسوں کو کیموتھراپی کی تربیت فراہم کرتے ہوئے انہیں اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ کینسرکے مریضوں کو سرکاری دواخانہ میں کیمو تھراپی کی فراہمی یقینی بناسکیں۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر ای راجند رنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ریاست کے تمام اضلاع میں تمام امراض کے علاج کیلئے دواخانوں کی تعمیر کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ سرکاری دواخانوں کو ملٹی اسپشالیٹی دواخانوں کے طرز پر ترقی دی جائے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گردہ کے عارضہ میں مبتلاء افراد کو مفت ڈائیلاسس کی فراہمی کے منصوبہ کی تیار اور اعلان کے بعد بیشتر گوشوں سے اس منصوبہ پر عمل آوری کو ناممکن قرار دیا جاتا رہا لیکن جب حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا گیا تو لاکھوں لوگ اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ مسٹرای راجندر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مفت ڈائیلاسس کی خدمات کو یقینی بنائے جانے کے بعد اب کینسر کے مریضوں کے لئے کیمو تھراپی کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان اقدامات کیلئے ماہر نرسوں کو تیار کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس پر عمل آوری کیلئے ہاسپٹلس میں انفراسٹرکچر کے علاوہ ماہرین کی ضرورت ہوگی جنہیں مہدی نواز جنگ ہاسپٹل میں تربیت فراہم کی جائے گی جہاں ملک کے سرکردہ ڈاکٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے سابقہ غیر منقسم اضلاع میں فوری طور پر حکومت کی جانب سے 10 مراکز پر کیموتھراپی کی مفت سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ مفت کیموتھراپی کیلئے تلنگانہ کے اضلاع کے عوام کو مہدی نواز جنگ ہاسپٹل کے علاوہ کہیں خدمات حاصل نہیں ہے اور جو لوگ اضلاع سے ایم این جے کینسر ہاسپٹل مریضوں کے ساتھ پہنچتے ہیں انہیں کئی ایک مسائل بشمول رہائش ‘ تغذیہ کا سامنا ہوتا ہے اسی لئے ہر ضلع میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔