سائن بورڈس پر اردو کی شمولیت، صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کا بیان
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے سرکاری محکمہ جات اور یونیورسٹیز کے سائن بورڈس پر اردو کے استعمال کے سلسلہ میں نوٹسیں جاری کی تھیں۔ کمیشن کی نوٹس کی تعمیل کرتے ہوئے کئی سرکاری محکمہ جات اور یونیورسٹیز نے اپنے سائن بورڈ پر اردو کو شامل کرتے ہوئے کمیشن کو اس کی اطلاع دی۔ محمد قمرالدین کے مطابق ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کے علاوہ نیم سرکاری اداروں اور یونیورسٹیز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دوسری سرکاری زبان اردو پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ 90 فیصد محکمہ جات نے اقلیتی کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ ان کے سائن بورڈس پر اردو زبان کو شامل کیا گیا ہے ۔ پروفیسر جئے شنکر اگریکلچر یونیورسٹی اور کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسس ورنگل کے حکام نے اردو زبان کے ساتھ اپنے سائن بورڈ کی تصاویر کمیشن کو روانہ کی ہے۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری دفاتر میں اردو زبان کے استعمال کی مساعی جاری رہے گی۔