سابق صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر کو مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں 91 ہزار سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے فیصلہ پر سابق صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ اسمبلی میں چیف منسٹر کے اعلان کے بعد محمد سلیم نے کے سی آر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور بے روزگار نوجوانوں کی دیرینہ خواہش کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مخلوعہ جائیدادوں میں اقلیتی بہبود کی 1825 جائیدادوں کی نشاندہی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اقلیتی بہبود کے دیگر اداروں میں بھی ملازمین کی کمی کو دور کرنا چاہیئے کیونکہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مناسب اسٹاف کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے ماسواء 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے اور تلنگانہ کے اقلیتی بالخصوص مسلم نوجوانوں کو اس موقع سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں اہلیت رکھنے والے اور قابل نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت نے تقررات کیلئے عمر کی حد میں دس سال کی رعایت دی ہے اس سہولت سے مسلم نوجوانوں کو بھرپور استفادہ کرتے ہوئے سرکاری محکمہ جات میں اپنی نمائندگی میں اضافہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سرینواس یادواور شہر کے ارکان اسمبلی جی سائنا اور گوپی ناتھ موجود تھے۔ ر