سری لنکا سے آئی پی ایل میں ببل ٹو ببل ٹرانسفرکی اجازت

   

نئی دہلی: انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کے بقیہ مراحل کے لئے حال ہی میں اختتام پذیر ہوئی ہند ۔ سری لنکا وائٹ بال سیریز میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ببل ٹو ببل ٹرانسفر کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس دورے کے دوران کرنال پانڈیا کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد پیدا ہونے والے طبی خطرات کے باوجود یہ فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کرنال کے متاثر کے بعد نو ہندوستانی کھلاڑیوں کو قرنطینہ جانے کی وجہ سے مجبوراً کچھ میچوں سے باہر ہونا پڑا تھا۔ بی سی سی آئی کے اس فیصلے کے بعد 19 ستمبر سے دوبارہ شروع ہونے والے آئی پی ایل 2021 سیزن میں ببل ٹو ببل ٹرانسفر سے کھلاڑیوں کو چھ دن کے لازمی قرنطینہ سے چھوٹ ہوگی۔ بی سی سی آئی کے مطابق 14 بائیو ببل بنائے جائیں گے جن میں سے آٹھ فرنچائزیوں کے لیے ، تین میچ افسران اور میچ منتظمہ ٹیم اور تین براڈکاسٹ کمنٹیٹرز اور عملے کے لیے ہوں گے ۔ اس کے علاوہ بی سی سی آئی نے ایڈوائزری میں یہ بھی کہا ہے کہ آئی پی ایل 2021 کے دوران بائیو ببل کے ممبروں کو صرف منظور شدہ گاڑیوں میں سفر کرنا ہوگا جو بی سی سی آئی کے تسلیم شدہ بسوں اور کاروں کے بیڑے سے ہے ، جنہیں باقاعدہ طور پر سینیٹائز کیا جائے گا۔