سری لنکا کو آج ڈیویڈ وارنر کا چیالنج

   

لندن ۔ 14 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ 2 مقابلے بارش کی نذر ہوجانے کے بعد سری لنکائی ٹیم اپنے آئندہ مقابلے میں آسٹریلیائی ٹیم کے چیالنج کا سامنا کرے گی ۔تاہم کل کھیلے جانے والے مقابلے میں اسے حریف اوپنر ڈیوڈ وارنر کا سامنا رہے گا جوکہ انتہائی شاندار فام میں ہیں جیسا کہ انھوں نے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہونے کے علاوہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف گزشتہ مقابلے میں بھی سنچری اسکور کرچکے ہیں۔ سری لنکائی ٹیم ورلڈ کپ میں 4 جون سے کرکٹ نہیں کھیلی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے خلاف اسے مقابلے کے نشانات بانٹ لینے پڑے ہیںجبکہ 1996 ء کی عالمی چمپیئن سری لنکا کو اپنے افتتاحی مقابلے میں افغانستان کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ میں کمزور موقف میں جانے کے باوجود مقابلے میں کامیابی ملی تھی جوکہ اس کی خوش قسمتی ہی کہی جائے گی ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کے اوپنر وارنر اور کپتان آرون فنچ کی جوڑی کے علاوہ فاسٹ بولروں کی جوڑی میچل اسٹارک اور پٹ کمنز بھی شاندار فام میں ہیں ۔ علاوہ ازیں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ ، عثمان خواجہ اور گلین میکس ویل بھی سری لنکائی بولروں کے لئے چیالنج ثابت ہوں گے ۔ سری لنکائی ٹیم اُمید کررہی ہے کہ اس کے فاسٹ بولر نوون پردیپ جوکہ زخمی ہوئے ہیں وہ کل مقابلے کیلئے دستیاب رہیں گے جبکہ تجربہ کار لسیتھ ملنگا ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کریں گے ۔