سزاء سے راحت کیلئے آئی اے ایس عہدیدار سری لکشمی کی درخواست ہائی کورٹ میں مسترد

   

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے آئی اے ایس عہدیدار سری لکشمی کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی سزاء پر نظرِ ثانی کی اپیل کی تھی۔ ہائی کورٹ نے توہین عدالت کے معاملہ میں سری لکشمی اور بعض دیگر عہدیداروں کو سماجی بھلائی اور معذورین کے ہاسٹلس میں سماجی خدمات انجام دینے کی سزاء سنائی تھی۔ سری لکشمی نے سزاء پر نظرِ ثانی کیلئے چند دن قبل درخواست دائر کی تاہم ہائی کورٹ کی رجسٹری نے اسے ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے نمبر الاٹ نہیں کیا تھا۔ سری لکشمی کے وکیل نے اس بارے میں ہائی کورٹ کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ہائی کورٹ اس طرح کی درخواستوں کی سماعت کرچکا ہے۔ جس کے بعد ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت سے اتفاق کیا اور آج سماعت کی گئی۔ سرکاری اسکولوں کے احاطہ سے گرام اور وارڈ دفاتر کو منتقل کرنے کیلئے سابق میں ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا تھا جس پر ہائی کورٹ نے 8 آئی اے ایس عہدیداروں کو قید کی سزاء سنائی تھی۔ عہدیداروں کی معذرت خواہی اور مستقبل میں ہائی کورٹ کی خلاف ورزی نہ کرنے کے تیقن کے بعد عدالت نے قید کی سزاء کے بجائے ہاسٹلس میں خدمات انجام دینے کی ہدایت دی تھی۔ سری لکشمی نے سزاء سے راحت دینے کی درخواست کی جسے آج ہائی کورٹ نے مسترد کردیا۔ر