سسرال میں جھگڑے پر برہم عورت کا 40 دن پیدل سفر

   

بانکا کے بجائے کانپور پہونچی خاتون کو پولیس نے بچھڑے شوہر سے ملایا
ہزاری باغ ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاندانی جھگڑا اور اس کے بعد غلط ٹرین میں سوار ہونا ایک 35 سالہ عورت کیلئے انتہائی پریشان کن ثابت ہوا اور بہار میں موجود اپنے شوہر سے دوبارہ ملنے کیلئے تقریباً 40 دن تک پیدل سفر کرنا پڑا جس کے باوجود بھی وہ اپنی منزل پر نہیں پہونچی اور راستہ میں پولیس نے اس کو بچا لیا اور تب ہی وہ بہار میں اپنے شوہر سے دوبارہ مل سکی۔ سابو (نام تبدیل) 22 مارچ کو بھاگلپور میں اپنے سسرالی مکان میں ایک معمولی جھگڑے کے بعد وہ آپے سے باہر ہوگئی اور غصہ کے مارے ریلوے اسٹیشن پہنچ کر بانکا جانے والی ٹرین میں سوار ہونا چاہتی تھی جہاں اس کی خالہ رہتی ہے لیکن غلطی سے وہ بانکا کے بجائے اترپردیش کے شہر کانپور جانے والی ٹرین میں سوار ہوگئی۔ اس کے پاس گھر واپسی کیلئے کوئی رقم بھی نہیں تھی اور لوگوں نے اس کو بتایا کہ وہ بانکا نہیں کانپور پہونچی ہے چنانچہ پیسہ نہ ہونے کے سبب وہ گرانڈ ٹرنک روڈ سے 40 روز تک پیدل سفر کرتی رہی اور خوش قسمتی سے پولیس نے اس کو بچا لیا اور منزل مقصود پر پہنچادیا۔