سعودی عرب:یورپ سے آنے والے تین افراد میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق

   

ریاض: سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے پیر کو مملکت میں آبلہ بندر(منکی پاکس) کے تین کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ وائرس سے متاثرہ یہ تینوں افراد یورپ سے آئے ہیں۔سعودی وزارت صحت نے 14 جولائی کو بیرون ملک سے مملکت میں لوٹنے والے شخص میں منکی پاکس کے وائرس کاپتہ لگانے کا اعلان کیا تھا۔یہ مملکت میں اس نئے وائرس کا پہلا کیس تھا۔وزارت نے تب سب کو یقین دلایا تھاکہ اس کیس کی صحت کے منظورشدہ طریق کار کے مطابق طبی دیکھ بھال کی جارہی ہے اور اس کے تمام رابطوں کا سراغ لیا گیا ہے۔وزارتِ صحت نے واضح کیا ہے کہ وہ منکی پاکس وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری کی نگرانی اور پیروی کا کام جاری رکھے گی اوررپورٹ ہونے والے کسی بھی کیس کا مکمل شفافیت کے ساتھ اعلان کرے گی۔