سعودی عرب آکر گھر کا احساس ہوا ، وجئے بھٹ مملکتی وزیر دفاع ہند

   

ریاض:( کے این واصف)مملکتی وزیر دفاع و سیاحت ہند وجئے بھٹ ’’ورلڈ ڈیفنس شو‘‘کے سلسلہ مین ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہین۔ واضح رہے کہ ان دنوں ہند سعودی کے درمیان ‘‘سدا کوآرڈینیشن’’ کے نام سے مشترکہ فوجی مشقیں بھی جاری ہیں۔ سفارت خانہ ہند ریاض نے چہارشنبہ کی شب ایمبیسی آڈیٹوریم میں دورہ کنندہ وزیر سے کمیونٹی ملاقات کے ایک پروگرام کا اہتمام کیا۔ جس میں وزیر دفاع نے وزارت اور فوج کے اعلی عہدیداران کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وجئے بھٹ نے کہا کہ میںپہلی مرتبہ سعودی عرب آیا ہوں اور مجھے یہاں آکر گھر کا سا احساس ہوا۔ یہاں اپنے ہم منصب اور دیگر اعلی عہدیداراں سے ملاقاتوں میں ان کے سلوک اور خلوص میں بڑی اپنائیت پائی۔ وزیر دفاع کے ہمراہ وفد میں بری، بحری اور ہوائی فوج کے اعلی خاتون عہدیدار بھی شامل تھے۔اپنے خطاب کے دوران انھوں نے ان خاتون عہدیداراں کو اسٹیج پر بلایا اور کمیونٹی سے متعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی قابل فخر بیٹیاں ہیں۔ جو ڈیفنس کے بری، بحری اور ہوائی شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انھیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ ریاض میں پرنسس ریما بنت بندر بن سلطان، سفیر امریکہ برائے سعودی عرب نے ان ہندوستانی خاتون فوجی عہدیداران سے ایک خصوصی ملاقات کی۔ انھوں نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا آپ لوگ اپنے لڑکے اور لڑکیوں کے بیچ تفریق نہ کریں۔ لڑکیوں کو اپنے کیریر بنانے میں پوری آزادی دیں۔ انھوں نے کہا کہ ہند سعودی تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔