سعودی عرب: دمّام میں لڑکیوں کی ویان پر مقامی شہری کی فائرنگ

   

دمام ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے مشرقی شہر دمّام میں نوجوان شہری نے ایک وین پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔ اس کے نتیجے میں وین میں سوار تین لڑکیوں میں سے ایک ہلاک اور دو زخمی ہو گئیں۔ادھر الشرقیہ صوبے کی پولیس کے سیکورٹی ترجمان کے مطابق سیکورٹی اداروں نے منگل کی صبح ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا جس کی عمر تیس کی دہائی میں ہے۔ اس سے قبل نوجوان نے ظہران کے علاقے میں الفاخریہ نامی محلے کے اندر ایک نجی گھریلو سواری پر فائرنگ کی تھی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے میں ایک لڑکی اپنی جان گنوا بیٹھی اور دو زخمی ہو گئیں۔ تمام لڑکیاں سعودی شہری ہیں۔ فائرنگ سے گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا جس کا تعلق بھارت سے ہے۔پولیس کے متعلقہ ارکان نے مطلوبہ اقدامات کیے اور زخمیوں کو علاج کے لیے طبی اداروں میں منتقل کر دیا۔ ملزم اور کیس کو صوبے کی جنرل پراسیکیوشن میں پیش کر دیا گیا ہے۔