سعودی عرب میں 29 رمضان کو عید کا چاند نظر آناممکن نہیں: ماہر

   

ریاض : مشہورماہر فلکیات اور رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبد اللہ الخضیری نے کہا ہے کہ پیر 29 رمضان بمطابق 8 اپریل کو عید کا چاند دیکھنا نا ممکن ہے۔ میڈیاکے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’فلکی حساب کے مطابق اس دن چاند ، سورج سے 12 منٹ پہلے ڈوب جائے گا۔یہی وجہ ہے کہ 29 رمضان کو چاند کا نظر آنا ممکن نہیں ہے جبکہ منگل 30 رمضان بمطابق 9 اپریل عید کا چاند واضح طورپر نظر آئے گا۔ماہر فلکیات نے کہا ہے کہ منگل 30 رمضان کو عید کا ہلال 54 منٹ تک افق پر رہے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ پیر 8 اپریل کو سورج گہن ہے گوکہ مشرق وسطی میں اسے نہیں دیکھا جائے گاالبتہ یہ چاند کا سورج سے پہلے ڈوب جانے کا اہم سبب ہے۔