سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا

,

   

پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت سے شہبازشریف کا اظہار تشکر
پاک ۔سعودی تعلقات مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی‘سعودی وزیر خارجہ سے مختلف امور پر بات چیت

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہیکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں جب کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا استقبال کیا اور پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔سعودی وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں۔پاک ۔سعودی تعلقات مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ یہ دورہ پاکستان، سعودیہ اسٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ پاکستان برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔وزیراعظم کاکہنا تھاکہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی وزیرخارجہ ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ سرمایہ کاری پرگفتگو اور مختلف معاہدوں پردستخط کئے جائیں گے۔