سعودی میں کرفیو جزوی طور پر ختم کرنے کا اعلان

,

   

صبح9 تا شام5بجے گھروں سے نکلنے کی اجازت۔ مکہ میں24گھنٹے لاک ڈاون جاری

ریاض۔ 26 اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا فرمان جاری کیا ہے جس پر اتوار 26 اپریل سے عمل ہوگا۔شاہی فرمان کے مطابق صبح 9 سے شام 5 بجے تک eعوام کو گھروں سے نکلنے کی اجازت دی گئی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے اتوار کی صبح جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ ’شاہ سلمان نے ہدایت جاری کی ہے کہ اتوار26 اپریل سے13 مئی تک مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جزوی طور پر ختم کردیا جائے گا۔’البتہ مکہ مکرمہ اور مکمل لاک ڈاون والے محلوں میں چوبیس گھنٹے کا کرفیو جوں کا توں برقرار رہے گا‘۔نئے شاہی فرمان کے مطابق مزید اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی بھی اجازت دی گئی ہے.اس پر بھی عملدر آمد 29 اپریل سے تیرہ مئی تک ہوگا۔’تھوک اور ریٹیل کی دکانیں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھولنے کی جازت دے دی گئی ہے۔ ان تمام مراکز میں سماجی دوری کی شرط پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔‘ بیان میں کہا گیا کہ تجاری مراکز میں ایسی اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی جہاں سماجی دوری پر عملدرآمد ممکن نہ ہو مثلا باربر شاپس ، بیوٹی پالرز، اسپورٹس کلب، ہیلتھ کلب، سینما گھر، تفریحی مراکز، ریستوران اور قہوہ خانوں پر پابندی بر قرار رہے گی۔ٹھیکیداروں اور فیکڑیوں کو 29 اپریل سے 13 مئی تک بلا قید و شرط کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔اقتصادی ، تجارتی اورصنعتی سر گرمیوں کے نگراں ادارے وزار ت صحت کی مقرر کردہ حفاظتی تدابیر اور بچاؤکے انتظامات کی نگرانی کرتے رہیں گے اور یومیہ رپوٹ پیش کریں گے۔ جزوی کرفیو اٹھائے جانے کے دوران سماجی دوری کی شرط پر عمل کرنا ضروری ہوگا. پانچ افراد سے زیادہ شادی کی تقریبات، تعزیتی اجتماع اور ب عوامی مقامات پر سماجی دوری کی شرط پر عمل جاری رکھا جائے گا۔بیان کے مطابق مقررہ قواعد وضوابط کی پابندی نہ کرنے والے ادارے بند کردیے جائیں گے اور سخت سزائیں دی جائیں گی۔ مقررہ مدت کے دوران صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہے گا۔شاہ سلمان نے وزارت داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئی صورتحال کے حوالے سے کرفیو سے متعلق مناسب ترمیم کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل پیدا کریں۔شاہ سلمان نے سعودی شہریوں ،مقیم غیر ملکیوں اورسرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ فرض شناسی کا مظاہرہ کریں اور وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کی پابندی کرتے رہیں۔