سعودی ولیعہد کی جی سی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے دوحہ آمد

   

دوحہ: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان جی سی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے دوحہ پہنچ گئے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایوان شاہی نے کہا ہے کہ ’امیر قطر شیخ تمیم بن حمد کی دعوت پر دوحہ میں خلیجی ممالک کونسل کی سربراہ کانفرنس کا انعقاد ہو گا۔‘ایوان شاہی نے کہا ہے کہ ’ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کریں گے۔‘دوحہ انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے ولیعہد کا استقبال کیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’رہنما مشترکہ دلچسپی کے امور، برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقہ کار اور سعودی قطر رابطہ کونسل کے انعقاد پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘اجلاس میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کئی اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ رہنماؤں کی بات چیت کے ایجنڈے میں اسرائیل اور حماس کی جنگ اور علاقائی تعاون سے متعلق امور شامل ہیں۔اپنے ابتدائی کلمات میں، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی جنگ کے معاملے پر اسرائیل کو مذاکرات کی میز پر واپس آنے پر مجبور کرے۔انہوں نے سربراہی اجلاس میں کہا کہ ’اس گھناؤنے جرم جس کے دوران خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کا قتل عام جاری ہے، کو دو ماہ تک جاری رہنے دینا عالمی برادری کیلئے شرمناک ہے۔‘