سعودی کابینہ کی شہری ہوابازی کے ضوابط میں تبدیلی کو منظوری

   

ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیوم میں منعقد اجلاس میں کابینہ نے ملکی اور بین الاقوامی اُمور اور معاملات پر غور کرکے متعدد اہم فیصلے کئے ہیں۔کابینہ نے شہری ہوا بازی کے ضوابط میں تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے قومی مرکز برائے ہوائی ٹرانسپورٹ کو فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔کابینہ نے وزیر اتصالات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو انڈیا کے ساتھ خلائی سائنس میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔کابینہ نے عالمی مرکز برائے سیاحت کے قیام کی ابتدائی منظوری دی ہے جس میں جنوبی افریقہ، گھانا اور کوستاریکا کی متعلقہ وزارتوں سے بات چیت ہوگی۔پانی کے عالمی بحران پر قابو پانے کے لیے ریاض میں عالمی مرکز کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔شاہ سلمان نے گزشتہ ہفتے کے دوران متعدد ممالک کی قیادتوں سے ہونے والے رابطوں کے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا ہے۔