سعوی میں ریٹیل کی دکانیں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھولنے کی اجازت

   

کرفیومیں ـصبح 9 بجے تا شام 5 بجے تک نرمی ،مکہ میں مکمل لاک ڈاؤن

ریاض ۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب بھر میں جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا فرمان جاری کیا ہے جس پرعمل اتوار سے ہی شروع ہوگیا ہے۔شاہی فرمان کے مطابق صبح 9 سے شام 5بجے تک عوام کو گھروں سے نکلنے کی اجازت دی گئی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے صبح جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ شاہ سلمان نے ہدایت جاری کی ہے کہ اتوار26 اپریل سے13 مئی تک مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جزوی طور پر ختم کردیا جائے گا لیکن مکہ مکرمہ اور مکمل لاک ڈاون والے محلوں میں چوبیس گھنٹے کا کرفیو جوں کا توں برقرار رہے گا۔ نئے شاہی فرمان کے مطابق مزید اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ اس پر بھی عملدرآمد 29 اپریل سے تیرہ مئی تک ہوگا۔ ریٹیل کی دکانیں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھولنے کی جازت دے دی گئی ہے۔ ان تمام مراکز میں سماجی دوری کی شرط پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ تجاری مراکز میں ایسی اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی جہاں سماجی دوری پر عملدرآمد ممکن نہ ہو مثلاحجاموں کی دکانیں ، بیوٹی پالرز، اسپورٹس کلب، ہیلتھ کلب، سینما گھر، تفریحی مراکز، ریستوران اور قہوہ خانوں پر پاپبندی بر قرار رہے گی۔جزوی کرفیو اٹھائے جانے کے دوران سماجی دوری کی شرط پر عملدرآمد ضروری ہوگا اور پانچ افراد سے زیادہ شادی کی تقریبات، تعزیتی اجتماع اور بپلک مقامات پر سماجی دوری کی شرط پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔شاہ سلمان نے سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں او رسرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ فرض شناسی کا مظاہرہ کریں اور وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کی پابندی کرتے رہیں۔یادر ہے کہ حج کے تناظر میں ساری اسلامی دنیا کی نظریں سعودی عرب پر مرکوز ہیںاور کورونا سے حالات بہتر ہونے کی دعائیں کی جارہی ہیں۔