سعید انور کے 24 سال بعد شان مسعودکی سنچری

   

مانچسٹر۔کورونا وائرس کے بعد انگلینڈ میں کرکٹ بحال ہوئی ہے اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کے بعد انگلش ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹسٹ سیریز کا آغاز کیا اور رواں ٹسٹ کی پہلی ہی اننگز میں پاکستان کیلئے ایک نیا ریکارڈ بناہے جیسا کہ اوپنر شان مسعود سابق عظیم اوپنر سعید انورکے بعد 24 سال بعد انگلینڈ میں سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔شان مسعود 24 سال کے طویل عرصے بعد انگلینڈ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے اوپنر بن گئے۔اس سے قبل سابق اوپنر سعید انور نے 1996 میں اوول کے میدان میں سنچری بنائی تھی اور اس اننگز میں بائیں ہاتھ کے اوپنر انور نے 176 رنز بنائے تھے ، جس کے بعد آج تک کوئی بھی پاکستانی اوپنر اس طرح کی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔شان مسعود نے نہ صرف طویل عرصے بعد انگلینڈ میں سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ ٹسٹ کیریئر میں مسلسل تیسری سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے جو پاکستان کے چند بیٹسمینوں کو ہی حاصل ہے۔اس سے قبل ظہیر عباس نے 83-1982، مدثر نذر نے 1983، محمد یوسف نے 2006، یونس خان نے 2014، مصباح الحق نے 2014 میں مسلسل تین سنچریاں بنائی تھیں۔خیال رہے کہ 2014 میں مسلسل سنچریاں بنانے والے سابق کپتان مصباح الحق اس وقت پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور یونس خان بیٹنگ کوچ ہیں۔