41 ممالک میں انتخابات ، 320 کروڑ عوام دنیا بھر میں ووٹ ڈالیں گے
حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) 2024 میں صرف ہندستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے 40 فیصد ممالک میں انتخابات کا عمل ہوگااور ہر ملک کے عوام اپنے ملک میں حکومت کی تشکیل میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ہندستانی جمہوریت کو دنیا بھر میں سب سے بڑی جمہوریت قرار دیا جاتا ہے اور یہاں بھی انتخابات کا عمل اسی سال ہے اور ملک کی 140کروڑ کی آبادی میں موجود اہل رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے لیکن دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں رائے دہی کے طریقہ کارکو لیکر بحث جاری ہے اور الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال پر کئی سوال اٹھائے جانے لگے ہیں اور دنیا بھر کے کئی ترقی یافتہ ممالک میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال نہ کئے جانے کے سلسلہ میں بحث کی جا رہی ہے۔ جاریہ سال ہندستان ہی نہیں بلکہ پاکستان‘ بنگلہ دیش‘ ایران‘ اور دیگر کئی ممالک میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود ہندستان کے انتخابات کو دنیا بھر میں اہمیت حاصل ہورہی ہے کیونکہ ہندستان میں 2024انتخابات ’’نفرت بمقابلہ محبت‘‘ ہوں گے اور ان انتخابات میں ’سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس ‘کے زبانی دعوے کے ساتھ ملک میں نفرت کو پھیلانے والوں کے مقابلہ میں ’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان‘ کھولنے کی کوشش کر رہے راہول گاندھی اپنی ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘‘ کے ساتھ عوام کے درمیان پہنچ رہے ہیں اور اس یاترا کے ذریعہ وہ عوام سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 10 سال کے دوران حکومت کی ناکامیوں اور نفرت کے فروغ پر مبنی پالیسیوں کے متعلق واقف کروائیں گے اور انہیں کانگریس سے جوڑنے کی کوشش کریں گے۔ نفرت کے مقابلہ کے لئے ملک بھر میں صرف کانگریس نہیں بلکہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں کا اتحاد ’انڈیا‘ کے نام سے کوشاں ہے جو ہندستان میں جمہوریت اور انسانیت دونوں کی بقاء کے لئے متحدہ طور پر سرگرم ہے۔ہندستان کے علاوہ جاریہ سال جن ممالک میں انتخابات ہونے ہیں ان میں سری لنکا انتخابا ت کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا ہے جبکہ بھوٹان اور مالدیپ میں بھی انتخابات اسی سال منعقد ہونے جا رہے ہیں۔ تائیوان‘ ایران‘ کمبوڈیا‘ اور منگولیا کے علاوہ کوریا میں بھی انتخابات جاریہ سال ہی منعقد ہوں گے۔ان ایشیائی ممالک میں مجموعی اعتبار سے 235کروڑ عوام اپنے اپنے ممالک کے سربراہان مملکت کا انتخاب کریں گے جبکہ یوروپین یونین کے 27 ممالک ‘ برطانیہ ‘ یوکرین ‘میں بھی انتخابی عمل ہونا ہے ۔روس ‘ امریکہ اور افریقہ میں بھی انتخابات کا سال 2024ہی ہے اسی طرح میکسیکو ‘ وینونزیلا ڈومنین ریپبلک میں بھی انتخابات منعقد ہوں گے۔ ہندستان کے علاوہ جن ممالک میں انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں ان ممالک میں عوام مقامی امور اور مسائل کے علاوہ بہتر حکومت کے انتخاب کے لئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ہندستان کے عام انتخابات میں بھی عوام نفرت‘ مہنگائی ‘ لڑکیوں اور خواتین پر ہونے والے حملوں‘ مذہبی تشدد‘ بے روزگاری کے خلاف محبت ‘ روزگار‘ مہنگائی کے خاتمہ کے علاوہ ملک بھر میں خواتین و لڑکیوں کو ان کے حقوق کی فراہمی کے لئے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کو تبدیل کرسکتے ہیں۔ ہندستان میں رائے دہی کے موضوعات اب تک اچھے دن رہے لیکن جو لوگ اچھے دن کا خواب دیکھ رہے ہیں انہیں مایوسی کا ہی سامنا کرنا پڑا ہے اور اب عوام اچھے دن کا انتظار کرنے کے بجائے نفرتوں کو ختم کرتے ہوئے محبتوں کو عام کرنے والوں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنانے کی کوشش کریں گے۔3