سمیر وانکھیڈے کیخلاف بیان بازی‘ نواب ملک نے معافی مانگی

   

ممبئی: این سی پی لیڈر اور حکومت مہاراشٹر میں کابینی درجہ کے وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک نے منشیات مخالف دستے کے زونل ڈائریکٹرسمیر وانکھیڈے کے خلاف بیان بازی کرنے کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ سے غیرمشروت معافی مانگ لی ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے نواب ملک کو سمیر وانکھیڈے کے خلاف بیان بازی کرنے سے منع کیا تھا، ہائی کورٹ کی حکم عدولی پر نواب ملک نے حلف نامہ داخل کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگی ہے، بامبے ہائی کورٹ نے نواب ملک کے معافی نامے کو قبول کرتے ہوئے سمیر وانکھیڈے اور ان کے اہل خانہ کے خلاف بیان بازی سے پرہیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔این سی پی ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زونل این سی بی ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے اور ان کے اہل خانہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ممبئی کروز پارٹی ڈرگ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی گرفتاری کے بعد نواب ملک نے سمیروانکھیڈے کی کارروائی کو فرضی بتاتے ہوئے ان پر کئی الزامات عائد کئے تھے۔ اس دوران شوشل میڈیا کے ذریعے نواب ملک نے کئی انکشافات بھی کئے تھے۔ نواب ملک کے الزامات اور انکشافات کے خلاف این سی بی ڈائریکٹر سمیروانکھیڈے کے والد گیان دیو وانکھیڈے نے نواب ملک کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ دائرکیا تھا۔