سم کارڈ سواپنگ کے ذریعہ دھوکہ دینے والی ٹولی بے نقاب

   


ممبئی میں سات افراد گرفتار، کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : سم کارڈ سوائپنگ کے ذریعہ دھوکہ دینے والی بدنام زمانہ میرا روڈ ممبئی کی ٹولی کو سائبرآباد پولیس نے بے نقاب کردیا اور 7 رکنی ٹولی میں 5 ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ نائجیریائی باشندہ مفرور بتایا گیا ہے۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار نے بتایا کہ 15 افراد ضمیر احمد، منیر احمد، چندرا کانت سدھارت کامبلے، عادل حسین، جنید احمد اور اشون نارائن شیرکار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 40 نقلی آدھار کارڈ، 4 ربر اسٹامپ، 15 موبائیل فون، نقلی لیٹر پیاڈ کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سال 2011 ء سے یہ ٹولی سم کارڈ سوائپنگ میں ملوث ہے اور ملک بھر میں ان کا جال پھیلا ہوا ہے جبکہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ جیمس جو نائجیریائی باشندہ ہے نائجیریا میں رہتا تھا۔ ان جرائم کا اصل منصوبہ ساز اور ٹولی کا اصل سرغنہ جیمس ہی ہے جبکہ چندرا کانت جس کے موبائیل سرویس پروائیڈر سے بہترین تعلقات وہ جعلسازی اور دھوکہ دیہی میں ان تعلقات کو استعمال کرتا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ یہ ٹولی دھوکہ دہی سے حاصل رقم کو بٹ کوائن اور حوالہ کے ذریعہ نائجیریا منتقل کررہے تھے۔ گزشتہ دنوں پولیس سائبرآباد کو اس طرح کی دو شکایات حاصل ہوئی تھیں اور سائبرآباد پولیس کی سائبر کرائم پولیس نے کئی مرتبہ ممبئی کا دورہ کیا اور اس مصروف میرا روڈ ٹولی کو بے نقاب کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ انھوں نے بتایا کہ موبائیل سم کو بلاک کرنے کے بعد ملزمین نقد رقم کو بینک کھاتوں سے اڑالیتے ہیں اور آن لائن لین دین پر نظر رکھا کرتے تھے اور ایسے افراد کو نشانہ بنایا جاتا ہے جو آن لائن لین دین میں بہت زیادہ مصروف رہتے ہیں۔ سائبرآباد کے دو شہریوں کے بینک کھاتوں سے انھوں نے 11 لاکھ روپئے غائب کردیئے تھے اور ملک میں اس ٹولی کا بڑا جال ہے اور ملک بھر میں ان کے بہت زیادہ بینک اکاؤنٹس پائے جاتے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے دیگر اراکین کی گرفتاری کے لئے پولیس سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔