سندیش کھالی کیس : شیخ شاہجہاں سی بی آئی کے حوالے

,

   

کولکاتا: مغربی بنگال پولیس نے سندیش کھالی کے مرکزی ملزم شیخ شاہجہاں کو چہارشنبہ کی شام تقریباً 7.45 بجے مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کے حوالے کر دیا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کی شام 4.15 بجے تک شاہجہاں کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی تھی۔تاہم مغربی بنگال پولیس نے عدالتی مہلت کے تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد شاہجہاں کو سی بی آئی کی تحویل میں دے دیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق سی بی آئی کی ٹیم چہارشنبہ کی شام 4.15 بجے سے پہلے کولکتہ میں پولیس ہیڈکوارٹر پہنچ گئی تھی۔ مغربی بنگال پولیس نے شاہجہاں کو سی بی آئی کے حوالے کرنے سے پہلے اس کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا۔ سندیش کھالی ملزم شاہجہاں کو طبی علاج کے لیے ایس ایس کے ایم ہاسپٹل لے جایا گیا۔میڈیکل کے بعد شاہجہاں کو کولکتہ کے بھبانی بھون پولیس ہیڈ کوارٹر لے جایا گیا، جہاں سے اس کی تحویل سی بی آئی کو دے دی گئی۔اس سے پہلے جب منگل کو بنگال پولیس نے شیخ شاہجہاں کی تحویل سی بی آئی کے حوالے نہیں کی تھی تو چہارشنبہ کو یہ معاملہ دوبارہ کلکتہ ہائی کورٹ پہنچا۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس ہریش ٹنڈن اور جسٹس ہیرنامائے بھٹاچاریہ کی بنچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسے عدالتی حکم کی توہین قرار دیا۔ اس کے علاوہ کلکتہ ہائی کورٹ نے بنگال پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے کے اندر جواب دینے کو کہا ہے۔ دریں اثنا ہائی کورٹ نے سندیش کھلی کے اہم ملزم شیخ شاہجہاں کو سی بی آئی کی تحویل میں دینے کے لیے چہارشنبہ کو شام 4.15 بجے کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔منگل کو ریاست کی ممتا بنرجی حکومت کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ پہنچی تھی۔ جب چہارشنبہ کو سپریم کورٹ میں اس کیس کی جلد سماعت کی مانگ کی گئی تو جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے اسے مسترد کر دیا۔ اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ بنگال پولیس کو چہارشنبہ کی شام تک شیخ شاہجہاں کو سی بی آئی کے حوالے کرنا ہوگا۔