نظام آباد19 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سربراہ تلنگانہ رکشنا سینا کلواکنٹلہ کویتا نے ’’بائی باٹا‘‘ پروگرام کے تحت ادریال لانگ وال پروجیکٹ مائن (اے ایل پی) کا دورہ کیا اور وہاں مزدوروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ اس دوران ایک مزدور کی مشکلات سن کر وہ جذباتی ہو گئیں اور اس کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزدوروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔کویتا نے خطاب کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور سنگارینی انتظامیہ پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی ادارے کے ساتھ خود حکومت ہی دشمن جیسا سلوک کر رہی ہے اور تقریباً 50 ہزار کروڑ روپئے واجب الادا رکھنے کے باعث ادارہ مالی بحران کا شکار ہو رہا ہے۔کویتا نے کہا کہ سنگارینی میں آج بھی برطانوی طرز کا نظام جاری ہے جہاں افسران مزدوروں کو ہراساں کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مزدوروں سے ملاقات کے لئے آنے پر پولیس کے ذریعہ انہیں روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو غیر جمہوری طرز عمل ہے۔انہوں نے مرکزی بی جے پی حکومت پر بھی الزام عائد کیا کہ اس نے سنگارینی کے کوئلے کے حقوق چھین لئے ہیں، جس سے مزدوروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کویتا نے مزدوروں سے اپیل کی کہ وہ یونین انتخابات میں ایچ ایم ایس کو کامیاب بنائیں اور یقین دلایا کہ کامیابی کے بعد انہیں فخر محسوس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت مزدوروں کے حقوق، سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی۔