سنگاریڈی: آتشزدگی حادثہ سے بچاؤ کیلئے بیداری پروگرام

   

سنگاریڈی ۔14 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فائر سرویسز ویک کے موقع پر سنگا ریڈی ضلع بھر میں آگ سے بچاؤ کے حوالے سے وسیع پیمانے پر عوامی بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، یہ بات ضلع فائر آفیسر بی ناگیشور راؤ نے بتائی ۔ آگ سے محفوظ رہنے عوام میں بیداری کیلئے ریلیاں اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ آگ کے حادثات سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں۔انہوں نے بتایا کہ 1944 میں بمبئی شہر میں پیش آنے والے ایک ہولناک آتشزدگی کے حادثے میں شہید ہونے والے فائر فائٹرز کی یاد میں ہر سال 14 اپریل سے 20 اپریل تک ’’فائر سرویسز ویک‘‘ منایا جاتا ہے۔افتتاحی تقریب میں ٹی جی آئی آئی سی چیئرپرسن نرملا جگّا ریڈی، پٹن چیرو ایم ایل اے مہپال ریڈی، نارائن کھیڑ ایم ایل اے سنجیو ریڈی، سب کلکٹر اُما ہارتی سمیت دیگر عوامی نمائندوں اور افسران نے شرکت کی اور فائر سروسز ویک کے پوسٹرز اور پمفلٹس جاری کیے۔ گزشتہ سال (2025) میں سنگاریڈی ضلع میں کل 576 آگ کے واقعات پیش آئے، جنہیں فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو میں کر لیا۔ ان حادثات میں تقریباً 5.08 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا، تاہم 5.09 کروڑ روپئے کی مالیت کی جائیداد کو بچایا گیا اور 63 افراد کی جانیں محفوظ کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر فائر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دیں اور حادثے کی جگہ پر غیر ضروری ہجوم سے گریز کریں۔