سنگاریڈی بلدیہ کوآپشن ممبرس کیلئے کانگریس امیدواروں کا اعلان

   

جواں سال قائد محمد صلاح الدین ببو بھی امیدوار نامزد، جگاریڈی سے اظہار تشکر
سنگاریڈی 17 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ سنگاریڈی میں چار معاون اراکین کے انتخاب کے لیے اعلامیہ جاری ہوچکا ہے۔ بلدیہ میں کانگریس کی اکثریت ہے چنانچہ چاروں کو آپشن ممبرس کانگریس پارٹی سے ہی منتخب ہوں گے۔ اعلامیہ کے مطابق سنگاریڈی بلدیہ میں جملہ چار کو آپشن اراکین ہوں گے۔ جس میں سے دو عام زمرہ سے اور دو اقلیتی طبقہ زمرہ سے منتخب کئے جائیں گے۔ دو اقلیتی کو آپشن میں ایک کا خاتون ہونا لازمی ہے۔ کوآپشن ممبر کے لیے کانگریس قائدین سرگرم کوششیں کیں۔ جگاریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اور نرملا جگاریڈی چیرپرسن تلنگانہ انڈسٹیرئل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن نے کانگریس سے تین کو آپشن ممبر امیدواروں کے نام کا اعلان کیا۔ ان کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق اقلیتی زمرہ کوآپشن ممبر کے لیے محمد صلاح الدین عرف ببو ( ایس ایس موبائلس) کو جب کہ عام زمرہ میں شیو شنکر المعروف شیوڈو اور کے یشودھا زوجہ آنجہانی راملو سابق کونسلر کو کانگریس امیدوار کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ محمد صلاح الدین جواں سال حرکیاتی کانگریس قائد ہیں اور سنگاریڈی کے سب سے قدیم نیوز پیپر ایجنٹ جناب محمد شہاب الدین کے فرزند ہیں۔ محمد صلاح الدین ببو نے انہیں کو آپشن ممبر کے لیے کانگریس امیدوار نامزد کرنے پر جگاریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ ٹی پی سی سی اور نرملا جگاریڈی چیرپرسن ٹی جی آئی آئی سی سے اظہار تشکر کیا۔