ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ، عوام کو شدید مشکلات ، سی پی ایم کا اجلاس ، تعمیر جلد مکمل کرنے کا مطالبہ
سنگاریڈی 2 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی پی ایم سنگاریڈی ضلع سکریٹری گولا پلی جے راجو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سنگاریڈی تا لنگم پلی جاری قومی شاہراہ کی توسیعی تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ناقص تعمیراتی کام انجام دینے والے کنٹریکٹر کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ سنگاریڈی کے کے کے بھون میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے راجو نے کہا کہ دو سال گزر جانے کے باوجود قومی شاہراہ کی توسیع کا کام مکمل نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث سنگاریڈی سے لنگم پلی تک مختلف مقامات پر شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، جس سے عوام کو گھنٹوں تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر موجود گڑھوں اور نامکمل تعمیراتی کاموں کے باعث روزانہ موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے حادثات پیش آ رہے ہیں، جن میں متعدد افراد زخمی ہو رہے ہیں اور کئی لوگوں کے ہاتھ پاؤں ٹوٹنے جیسے سنگین واقعات رونما ہو رہے ہیں۔جے راجو نے الزام لگایا کہ بارش کے موسم میں گڑھوں کی بروقت مرمت نہ ہونے اور نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی سڑک پر جمع ہو جاتا ہے، جس سے ٹریفک جام اور حادثات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موریاں اور مین ہول بھی غیر معیاری طریقے سے تعمیر کیے جا رہے ہیں اور تعمیر کے ایک ماہ کے اندر ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تعمیر میں سیمنٹ، بجری اور ریت سمیت دیگر تعمیراتی سامان بھی معیاری استعمال نہیں کیا جا رہاہے۔جے راجو کے مطابق کولم پیٹ، گنیش گڈہ، ردرارم، اسناپور، متنگی، پٹن چیرو اور بیرنگوڑہ سمیت کئی علاقوں میں شدید ٹریفک جام رہتا ہے، جس کے باعث مریضوں کو حیدرآباد منتقل کرنے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں اور بعض موقع پر قیمتی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ قومی شاہراہ کے ذمہ دار افسران اس صورتحال پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری مداخلت کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے، معیار کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے فوری کارروائی نہ کی گئی تو سی پی ایم کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اس موقع پر مانک، نرسمولو، اشوک اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔