سنگاریڈی میں ٹی یو ڈبلیو جے کا اجلاس

   

سنگاریڈی ۔10 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس (ٹی یو ڈبلیو جے آئی جے یو) ضلع سنگاریڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کے تمام مستحق صحافیوں کو فوری طور پر ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جائیں بصورتِ دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی ۔ سنگاریڈی میں منعقدہ یونین ایگزیکٹو کونسل کی ہنگامی میٹنگ میں صحافیوں کو رہائشی پلاٹس، ہیلتھ کارڈس اور اکریڈیٹیشن کارڈس کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی صدر بنڈارو یادگیری نے کی جبکہ ریاستی نائب صدر ایم اے قادر فیصل، ضلعی جنرل سکریٹری وشنو پرساد، نیشنل کونسل ممبر سدنا پٹیل، ریاستی قائدین ایم اے باسط، یادگیری، بھومیا، محمد انور حسین، محمد حاجی علی صدر پریس کلب سداسیوپیٹ، محمد منھاج صدر پریس کلب ظہیرآباد، سنگاریڈی کے سینئر اردو صحافی مسعود امتیاز احمد خان، ایم اے متین، محمد صدیق اور الکٹرانک میڈیا ونگ ضلعی صدر انیل کمار نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ انتخابی وعدے کے مطابق ہر صحافی کو مکان کے لیے پلاٹ الاٹ کیا جائے اور سرکاری ملازمین کی طرز پر ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ جی او نمبر 252 کے تحت اکریڈیٹیشن کارڈس کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے، حالانکہ یونین کی مسلسل نمائندگی کے نتیجے میں کئی ترامیم عمل میں آئیں اور متعدد صحافیوں کو کارڈس جاری کیے گئے۔ یونین قائدین نے واضح کیا کہ باقی ماندہ مستحق صحافیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے فوری طور پر ایکریڈیٹیشن کارڈس فراہم کیے جائیں۔ ضلعی صدر بنڈارو یادگیری نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کرنا یونین کا بنیادی مقصد ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ریاستی نائب صدر ایم اے قادر فیصل نے اعلان کیا کہ ماہِ جون کے اختتام پر ضلعی مہا سبھا منعقد کی جائے گی جس میں نئی ضلعی کمیٹی کا انتخاب عمل میں آئے گا اجلاس میں اکرم پٹیل ممبر ڈسٹرکٹ میڈیا اکریڈیٹیشن کمیٹی، سری ناتھ، ولسن، انجیا، سنگمیش، وینکٹیش گوڑ، رمیش گوڑ، ستار اور دیگر صحافی قائدین نے شرکت کی۔