سنگاریڈی و میدک عازمین حج کی رہنمائی و تربیتی کلاس

   

سنگاریڈی ۔27 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد اطہر محی الدین شاہد اسسٹنٹ سیکریٹری شعبۂ ملی اُمور جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اسلامک سوشل سرویس سوسائٹی سنگاریڈی کی جانب سے سنگا ریڈی ، میدک حج 2027 (1448ھ) کے عازمینِ حج کے لیے مکمل اور مفت رہنمائی کا اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی کی جانب سے حج کمیٹی آف انڈیا میں آن لائن درخواست داخل کرنے، فارم کی درست خانہ پْری، بینک میں مقررہ رقم جمع کرانے، پاسپورٹ بنوانے یا اس کی تجدید، تربیتی کلاسوں کے انعقاد اور سفرِ حج سے متعلق ضروری تیاریوں اور زادِ راہ کی منصوبہ بندی میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے خواہش مند عازمین سے اپیل کی کہ درخواست داخل کرواتے وقت اپنے ساتھ کم از کم ڈسمبر 2027ء تک کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر کے ساتھ 3.5×3.5 سینٹی میٹر سائز کی دو حالیہ تصاویر (جن میں دونوں کان واضح ہوں)، آدھار کارڈ یا شناختی کارڈ، رہائشی ثبوت، بلڈ گروپ کا سرٹیفکیٹ اور بینک پاس بک یا چیک ضرور ساتھ لائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 جولائی 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ خواہش مند حضرات روزانہ شام 8:30بجے سے رات 10:30 بجے تک اسلامک سنٹر، جلال باغ، سنگاریڈی میں رجوع کر سکتے ہیں۔مزید معلومات کے لیے 9849093687 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔