انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے، گیانیش کمار کی برطرفی کا مطالبہ، قائدین کا خطاب
سنگاریڈی۔ 6 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے اور ملک میں جاری SIR (اسپیشل انٹینسیو ریویڑن) کے عمل کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے سنگاریڈی ضلع کلکٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا کانگریس، سی پی ایم، سی پی آئی، تلنگانہ جن سمیتی اور دیگر انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاج میں سی پی ایم کے ریاستی سکریٹریٹ رکن چکّا رامولو اور ضلع کانگریس کی سابق صدر نرملہ جگاریڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چکّا رامولو اور نرملہ جگاریڈی نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ میں ووٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ووٹوں کے معاملے میں بے ضابطگیوں کے ذریعے بی جے پی حکومت اقتدار چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی کمیشن کے موجودہ طریقہ کار پر سیاسی جماعتوں کو شدید اعتراضات ہیں۔قائدین نے الزام لگایا کہ SIR کے عمل کے تحت بڑی تعداد میں ووٹرس کے نام ووٹر فہرستوں سے حذف کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ میں لاکھوں ووٹرس کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے اہل ووٹرس کے نام حذف ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی رائے کو شامل کیا جائے اور انتخابی عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہل ووٹرس کے نام حذف کرنا ناانصافی ہے اور اس مسئلہ پر مرکز کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔انڈیا اتحاد کے قائدین نے کہا کہ انتخابی کمیشن کی خودمختاری اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔اس احتجاج میں جئے راجو، ملیشم، مانک، سائیلو، یادگیری، کونہ سنتوش، کرن گوڑ، اشوک، رحمان، چرنجیوی، آنند، کمار، رام ریڈی، ونود، سدھاکر ریڈی، انجنیلو سمیت دیگر انڈیا اتحاد کے قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔