سٹیزنس بل کی موجودہ حالت میں مخالفت : چیف منسٹر منی پور

   

امپھال 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) منی پور کے چیف منسٹر این بیرین سنگھ نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت اس وقت تک سٹیزنس ( ترمیمی ) بل کی تائید نہیں کریگی جب تک اس میں شمال مشرق کے مقامی افراد کے تحفظ کی گنجائش فراہم نہیں کی جائیگی ۔ انہو ںنے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ منی پور پیپلز ( پروٹیکشن ) بل 2018 کو سٹیزن شپ ( ترمیمی ) بل 2016 کی منظوری سے قبل صدر جمہوریہ کی منظوری فراہم کی جائے ۔ منی پور پیپلز ( پروٹیکشن ) بل کو گذشتہ سال اسمبلی میں اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھا جس کا مقصد مئیٹیس ‘ پانگل مسلمانوں ‘ درج فہرست قبائل اور دوسروں کو جو 1951 سے قبل ریاست کو منتقل ہوگئے تھے مقامی شہریوں کا موقف دینا ہے ۔ جو مابقی غیر منی پوری قرار دئے جانے والے باشندے ہونگے انہیں اس قانون کے اعلامیہ جاری ہونے کے اندرون ایک ماہ خود کو رجسٹر کروانا ہوگا ۔ مسٹر بیرن سنگھ نے کہا کہ جب تک مقامی افراد کے تحفظ کی گنجائش فراہم نہیں کی جائے گی اس وقت تک منی پور حکومت سٹیزنس (ترمیمی ) بل کی تائید نہیں کرے گی ۔