سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش کے عہدیدار کو ضمانت منظورکی

   

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ میں آندھرا پردیش کی وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت کو اسوقت دھکہ لگا جب آندھرا پردیش سرکاری ملازمین اسوسی ایشن کے ریاستی صدر سوریا نارائن کو عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ جسٹس ابھئے ایس اوکھا اور جسٹس اجل بھویاں پر مشتمل بنچ نے سوریا نارائن کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ آندھرا پردیش حکومت نے سرکاری محکمہ جات کے فنڈز میں تغلب کا الزام عائد کرتے ہوئے آندھرا پردیش گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر کے آر سوریا نارائن پر مقدمہ درج کیا تھا۔ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔ سپریم کورٹ نے ضمانت کی منظوری کے ساتھ آندھرا پردیش حکومت کو نوٹس جاری کی ہے۔ سوریا نارائن کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عدالت نے دو مرتبہ سماعت کے موقع پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے عدم نمائندگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے حکومت سے دریافت کیا کہ سوریا نارائنا کو تحقیقات کیلئے پیش ہونے کی نوٹس اور ان کے ردعمل کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔1