سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول ہوم گارڈ ہلاک

   

حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک ہوم گارڈ ہلاک ہوگیا۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 22 سالہ کانتی لعل دنیش جو طالب علم تھا، الوال علاقہ کے ساکن ایس ایس دنیش کا بیٹا بتایا گیا ہے، یہ طالب علم کل رات جوبلی ہلز علاقہ سے گزر رہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور روڈ ڈیوائیڈر سے گاڑی ٹکرانے کے سبب دنیش فوت ہوگیا۔ شاد نگر پولیس کے مطابق 48 سالہ سائیلو جو پیشہ سے کسان تھا، کیشم پیٹ علاقہ میں رہتا تھا، یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار آٹو کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ شاہ آباد پولیس کے مطابق 43 سالہ نرسمہلو جو پیشہ سے کسان بتایا گیا گگن پہاڑ شاہ آباد علاقہ میں موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ایک ٹریکٹر کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 48 سالہ نارائن ریڈی جو پیشہ سے ہوم گارڈ تھا، سی اے آر ہیڈکوارٹر میں خدمات انجام دے رہا تھا جو کندن باغ بیگم پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا۔ کل یہ ہوم گارڈ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 شیخ پیٹ ایم آر او آفس کے قریب سڑک عبور کررہا تھا کہ تیز رفتار بلٹ گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 54 سالہ شخص کے این رمیش جو پیشہ سے مٹن شاپ چلایا کرتا تھا، کل رات برادر نسبتی کے مکان سے واپس ہورہا تھا کہ واٹر ٹینکر کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔