سکندرآباد ریلوے اسٹیشن تا باٹا سرکل فٹ پاتھ تاجرین کی باز آبادکاری

   

ٹریفک خلل پر سخت کارروائی کا انتباہ ، وزیر سرینواس یادو کا تاجرین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔ریاستی حکومت کی جانب سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن تا باٹا سرکل موجود فٹ پاتھ تاجرین کی بازآبادکاری اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا لیکن جو فٹ پاتھ تاجرین اور ٹھیلہ بنڈی راں ٹریفک میں خلل کا سبب بنیں گے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے مونڈہ مارکٹ میں چھوٹے تاجرین کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران یہ بات کہی اور عہدیدارو ںکا ہدایت دی کہ وہ اس علاقہ میں موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں اور فٹ پاتھ تاجرین کا ریکارڈ تیار کریں اور ان کی فہرست کی تیاری کے ساتھ اس بات کا جائزہ لیں کہ انہیں کس طرح متبادل مقام کی فراہمی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور ٹریفک کے مسائل کو دور کرتے ہوئے ان تاجرین کے ساتھ کس طرح انصاف کیا جاسکتا ہے۔مسٹر ٹی سرینواس یادو نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے اطراف کے علاقوں میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کے علاوہ فٹ پاتھ پر کئے جانے والے کاروبار کے سبب پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کو دور کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں کہا کہ حکومت کی جانب سے چھوٹے تاجرین کی فلاح و بہبود کے علاوہ ان کے ساتھ انصاف کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے لیکن اگر کوئی ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹریفک کے آسان بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرتا ہے تو اس سے کوئی ہمدردی نہیں کی جائے گی بلکہ اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ وزیر نے کہا کہ وہ علاقہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہیں مسائل کا بخوبی علم ہے اسی لئے وہ اس علاقہ کے چھوٹے تاجرین کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اسی لئے وہ ان ٹھیلہ بنڈی رانوں اور فٹ پاتھ تاجرین کو تیقن دیتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے ان کو بیدخل کرتے ہوئے ان پر ظلم نہیں کیاجائے گا بلکہ بے دخلی کے ساتھ انہیں متبادل جگہ کی فراہمی کے اقدامات کے ذریعہ انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق علاقہ میں ٹریفک مسائل کو دیکھتے ہوئے محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے ہمراہ وزیر نے اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیدارو ںکو منصوبہ تیار کرتے ہوئے جلد از جلد انہیں روانہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔