کرناٹک کے ضلع دھارواڑ اور ہبلی سٹی کانگریس صدور کے انتخاب کی ذمہ داری کی انجام دہی
حیدرآباد ۔ 19۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ و مبصر اے آئی سی سی کانگریس سنگھٹن سریجن کرناٹک سید عظمت اللہ حسینی کو کرناٹک کے دو اہم اضلاع ہبلی سٹی اور دھارواڑ ضلع میں کانگریس صدور کے انتخاب کی جو ذمہ داری سونپی گئی تھی اس کی تفصیلی رپورٹ دہلی میں کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال کو پیش کردی ۔ اس موقع پر کرناٹک کانگریس امور کے انچارج رندیپ سنگھ سرج والا کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ واضح رہے کہ سید عظمت اللہ حسینی نے اپنی ذمہ داریوں کے سلسلے میں تین مرتبہ ہبلی اور دھارواڑ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے ریاستی و ضلعی سطح کے کانگریس قائدین مقامی کانگریس کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل اسمبلی و بلاک سطح کے کانگریس قائدین اور سرگرم کارکنوں سے اجتماعی و علحدہ طور پر ملاقاتیں کرتے ہوئے اضلاع کانگریس صدور کے انتخاب کے لیے رائے و تجاویز حاصل کی۔ تمام قائدین کی رائے اور زمینی سطح کے سیاسی جائزے کے بعد ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی جس میں ہبلی سٹی اور دھارواڑ ضلع کانگریس صدور کے انتخاب کے لیے اپنی طرف سے ناموں کی سفارش کی ۔ سید عظمت اللہ حسینی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ اور ان کی محنت پر کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور ان کے پیش کردہ رپورٹ کی ستائش کی ۔ کے سی وینوگوپال نے اس موقع پر بتایا کہ اس رپورٹ کی روشنی میں بہت جلد کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے کی منظوری کے بعد دھارواڑ اور ہبلی کے سٹی و ڈسٹرکٹ کانگریس صدور کا سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا ۔۔ 2/m/b