حج ہائوز میں تقریب، وزیر داخلہ محمود علی اور صدرنشین محمد سلیم نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھائی
حیدرآباد : تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے حالیہ سیلاب کے متاثرین میں 20 لاکھ روپئے مالیت کی امدادی اشیاء کی تقسیم کا آغاز کیا گیا۔ حج ہائوز میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عوامی نمائندوں اور وقف بورڈ ارکان کی موجودگی میں متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی کٹس کی گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ وقف بورڈ نے 1500 متاثرہ خاندانوں میں غذائی اجناس کے علاوہ بلانکٹس اور بیڈشیٹس کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں بالخصوص یاقوت پورہ، بابا نگر، بالا پور، مہیشورم، کاروان، نام پلی اور ملک پیٹ میں متاثرین میں تقسیم عمل میں آئے گی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے متاثرین کی امداد کے سلسلہ میں مساعی پر صدرنشین وقف بورڈ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 1908ء کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد میں بارش سے اس قدر تباہی ہوئی ہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر عوام پہلے ہی کافی پریشان ہیں اور ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے چیف منسٹر نے 550 کروڑ روپئے جاری کئے جو متاثرہ علاقوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خدمت کے جذبے کے تحت صدرنشین وقف بورڈ کا اقدام قابل ستائش ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ ہر متاثرہ خاندان کو غذائی اجناس پر مشتمل کٹس حوالے کئے جائیں گے جس میں تقریباً 12 اشیاء شامل ہیں جس سے ایک خاندان کئی دن تک بآسانی گزارا کرسکتا ہے۔ ہر خاندان کو ایک بیڈشیٹ اور بلانکٹ دی جارہی ہے۔
حج ہائوز سے امدادی کٹس کی گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا گیا۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے سیلاب کے متاثرین کے لیے رقمی امداد اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کی قیادت میں سیلاب کے متاثرین کے امدادی کام جاری ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ 20 لاکھ روپئے سے 1500 خاندانوں کی امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر حکومت کی اجازت سے مزید رقم منظور کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر خاندان کو 10 ہزار روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے مختلف امراض کا شکار غریبوں کو 25 ہزار روپئے کی امداد دی جاتی ہے۔ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے غریبوں کے لیے فلاحی کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وقف بورڈ کی جانب سے 20 لاکھ روپئے کی غذائی اجناس غریب و مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئیں تھیں۔امدادی گاڑیوں کی روانگی کے موقع پر ارکان اسمبلی احمد پاشاہ قادری، احمد بلعلہ، کوثر محی الدین، جعفر حسین معراج، وقف بورڈ کے ارکان نثار حسین حیدر آغا، صوفیا بیگم، مرزا انوار بیگ، ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم موجود تھے۔