سینئرکھلاڑیوں نے دانستہ ناقص مظاہرہ کیا:گلبدین

   

کابل۔ 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کرکٹ ٹیم کے متعلق امید کی جارہی تھی کہ وہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں ضرور کامیاب ہو جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوسکا اور افغانستان کو اپنے سبھی 9 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ اس سے بھی مایوس کن بات یہ ہوئی کہ ٹیم کے اندر اختلافات کی خبروں نے طول پکڑلیا۔ یہاں تک کہ اوپنر اور وکٹ کیپر محمد شہزاد نے خود کو پوری طرح فٹ بتاتے ہوئے ورلڈ کپ سے باہر کردینے کا بھی ٹیم انتظامیہ پر الزام لگایا۔اب جبکہ ٹیم کی کپتانی نوجوان بولر راشد خان کو سونپ دی گئی ہے تو ورلڈ کپ میں کپتان رہے گلبدین نائب نے بڑا انکشاف کیا ہے۔ ورلڈ کپ میں ٹیم کم سے کم تین مواقع پر کامیابی کے قریب پہنچی تھی ، لیکن جیت نہیں سکی۔ ٹورنمنٹ سے ٹھیک پہلے کپتان بنائے گئے گلبدین کو اس کا ذمہ دار مانا جارہا ہے کہ وہ اہم مواقع پر ٹیم کو دباو سے باہر نہیں نکال سکے حالانکہ نائب نے اب ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں پر بڑے الزامات عائد کئے ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ نہیں دیا۔ گلبدین کو اصغر افغان کی جگہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے عین قبل جب کپتان بنایا گیا تھا ، تو محمد نبی اور راشد خان جیسے کھلاڑیوں نے اس فیصلہ پر کھل کر اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی حالانکہ ورلڈ کپ کے دوران گلبدین نائب نے کوئی بھی متنازعہ بیان نہیں دیا لیکن اب انہوں نے کئی سینئر کھلاڑیوں پر جان بوجھ کر خراب کھیلنے کا الزام عائد کیا ہے۔