سی اے اے و این آر سی تشویشناک، واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالنے امریکی کانگریس کا ٹرمپ انتظامیہ سے درخواست

,

   

واشنگٹن: امریکہ ایک سینئر رکن کانگریس نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ایک مکتوب لکھتے ہوئے درخواست کی کہ ہندوستان میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کو واپس لینے کیلئے زور دیں۔ انہوں شہریت ترمیمی قانون و این آر سی کو تشویش ناک قرار دیا۔ انہو ں نے مکتوب میں لکھا کہ میں ٹرمپ انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس تعلق سے اعلی سطح پر حکومت ہند سے بات چیت کریں اور اس قانون کو جلد واپس لینے پر دباؤ ڈالیں۔کانگریس رکن مینڈیز نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر شہریت فراہم کرنا ہندوستان کے بین الاقوامی قانون عزائم اور آئین کیخلاف ورزی ہے جبکہ آئین مساوات کا حق فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہند بھلے ہی دعوی کررہی ہے کہ شہریت ترمیمی قانون مذہبی اقلیتوں کا تحفظ کرتا ہے لیکن اس میں پڑوسی ملکوں میں مظالم کا سامنا کرنے والے مسلمانوں، پاکستان کی احمدیہ فرقہ اور میانمار کے روہنگیاؤں کو شامل نہیں کیاگیا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی مقصد مسلم مخالفت ہے۔این آر سی کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی کانگریس رکن نے بتایا کہ گذشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے سیول سائٹی کے کارکنوں سے ملاقات کی تھی۔ ان لوگوں نے ان پالیسیوں اور ہندوستان جمہوریت کے مستقبل پر اس کے منفی اثر کو لے کر تشویش کا اظہار کیا تھا۔