سی اے اے کے خلاف علیگڑھ میں احتجاج ‘فائرنگ

,

   

دہلی کے جعفرآباد میںموافق اور مخالف سی اے اے گروپوں میں تصادم‘ پولیس کے ساتھ جھڑپ‘ سنگباری

علیگڑھ ؍ نئی دہلی ۔ 23 ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام )شہریت ترمیمی قانون کے خلاف علیگڑھ اور دہلی کے جعفرآباد میں تشدد ‘فائرنگ اور سنگباری کے واقعات رونما ہوئے ۔ علیگڑھ کے پرانے شہر میں مخالف سی اے اے احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان میں آج جھڑپ ہوئی ۔ ایک شر پسند کی جانب سے فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان زخمی ہوا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان واقعات کے بعد آتشزدگی اور سنگباری شروع ہوئی ۔ پولیس کوپرتشدد احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیاس شل برسانے پڑے ۔ شمال مشرقی دہلی میں جعفرآباد کے قریب مخالف سی اے اے گروپ اور موافق سی اے اے گروپ کے درمیان جھڑپیں ہوئی جس سے اس علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوئی ۔ سڑک پر جمع ہو کر عوام کی بڑی تعداد شہریت قانون کے خلاف احتجاج کر رہی تھی کہ اس قانون کی تائید کرتے ہوئے ایک اور گروپ سڑک پر جمع ہوگیا اور دونوں جانب سے سنگباری شروع ہوئی ۔ پولیس نے موج پور میں ایک دوسرے پر سنگباری کرنے والے گروپ کے ارکان کو منتشر کرنے آنسو گیاس شل برسائے ۔ موج پور بابر پور میٹرو اسٹینشوں کے آمدو رفت کے گیٹس کو بند کر دیا گیا ۔ جعفرآباد اسٹیشن کو بند کر دیا گیا ۔ اس علاقہ میں سیکوریٹی عملے کے ارکان کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا ۔ بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے کہا کہ عوام کا ہجوم موج پور کے قریب جمع ہو کر ٹریفک سگنل کے پاس مخالف سی اے اے احتجاجیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کر رہا تھا ۔ بعدازاں دوپہر میں دونوں گروپس کے درمیان جھڑپ اور سنگباری شروع ہوئی ۔ دہلی پولیس نے موافق سی اے اے احتجاجیوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس آلوک کمار نے کہا کہ ہم اس واقعہ میں ملوث افراد کی شناحت کرنے کی کوشش کر رہیں ۔ علیگڑھ میں پولیس نے ربڑ کی گولیوں کا بھی استعمال کیا ۔ اس واقعہ میں ایک نوجوان کو ربر کی گولی جسم میں پیوست ہوگئی جسے ہاسپٹل میں شریک کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ۔ اس واقعہ میں کئی مظاہرین زخمی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ خواتین مظاہرین ہفتے کے روز سے محمد علی روڈ پر سی اے اے کے خلاف احتجاج کر رہیں تھیں ۔ اور پولیس مظاہرین کو وہاں سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہی تھی ۔ تصادم شام پانچ بجے کے قریب اس وقت شروع ہوا جب پولیس نے خواتین مظاہرین کا احتجاج ختم کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا ۔