سی بی آئی کا پوچھ تاچھ کیلئے رائے طلب کرنا مضحکہ خیز

   

ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سازباز کا واضح ثبوت، ریونت ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔3 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو سی بی آئی کی جانب سے پوچھ تاچھ کیلئے دہلی طلب کرنے کے بجائے ان کی مرضی اور رائے طلب کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سازباز ہے یہ اس کا ثبوت ہے۔ دہلی شراب اسکام میں ملوث دیگر ملزمین کو دہلی طلب کرکے پوچھ تاچھ کی گئی تاہم کویتا کے معاملے میں ان کی مرضی کے بارے میں پوچھا جارہا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کے خلاف تنقیدیں کرتے ہوئے اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں اور ساتھ ہی مغربی بنگال کے طرز پر سیاسی ماحول پیدا کرتے ہوئے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچانے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ اگر بی جے پی چیف منسٹر کے سی آر کی بدعنوانیوں کا پردہ فاش کرنا چاہتی ہے تو وہ کوکہ پیٹ اراضی اور دوسرے اسکامس کی تحقیقات کرائے، وہ ماضی میں الیکشن کمیشن سے شکایت کرچکے ہیں جس پر ابھی تک کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔ دہلی میں 5 دن تک الیکشن کمیشن سے ملاقات کرنے کی کوشش کی مگر ملاقات کا وقت نہیں ملا اگر 6 ڈسمبر تک ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا تو دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے دیا گیا حکم بے اثر ہوجائے گا۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان جنگ گلی نکڑ کا تماشہ ہے۔ دونوں جماعتیں خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ن