سی پی آئی قائد ڈاکٹر نارائنا کے ذریعہ ہومیو پیتھی دوا کی تقسیم

   

کورونا انفیکشن سے بچاؤ میں ہومیو پیتھی کا اہم رول، ڈاکٹرس کا تاثر

حیدرآباد۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سی آر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اولڈ ایج ہوم میں ہومیوپیتھی ادویات کی تقسیم عمل میں آئی۔ ڈاکٹر گوپال کرشنا نے کورونا انفیکشن سے بچاؤ کیلئے ہومیوپیتھی ادویات کی افادیت سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر شام سندر ریڈی نے ادویات کے استعمال کی تفصیلات بتائیں اور ہومیوپیتھی ادویات کو انفیکشن سے بچاؤ کا موثر ذریعہ قراردیا۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری اور سی آر فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کے نارائنا اور ڈاکٹر کے رجنی ایکزیکیٹو ممبر نے ہومیو پیتھی ڈاکٹرس کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اولڈ ایج ہوم کے افراد میں ادویات کی تقسیم کا انتظام کیا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حد درجہ احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے۔ وائرس کا ابھی تک علاج دریافت نہیں ہوا ہے لہذا ہمیں ہومیو پیتھی ادویات کو احتیاطی تدابیر کے طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔ سی پی آئی کی جانب سے شہر میں کورونا سے بچاؤ کیلئے مختلف مقامات پر ہومیو پیتھی ادویات کی تقسیم عمل میں آئی ہے۔