شادنگر آر ڈی او دفتر کے ملازمین کی غیرذمہ دارانہ لاپرواہی

   

رخصت کی درخواست کے بغیر ڈیوٹی سے غیرحاضری ، رکن اسمبلی کی شدید برہمی ، حاضری رجسٹر کی جانچ اور ضروری ہدایتیں
شادنگر 27 / جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے آر ڈی او دفتر کے عملے کی غیر ذمہ دارانہ روش پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفتر کے اہم اوقات میں بھی سرکاری ملازمین کا اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتنا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنا ہرگز قابل قبول نہیں۔ ہفتہ کے روز رنگاریڈی ضلع کے شادنگر آر ڈی او دفتر کا انہوں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک معائنہ کیا۔ اس سے قبل وہ لنگاریڈی گوڑہ گاؤں میں جاری خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) پروگرام میں شریک ہوئے تھے ، جس کے بعد سیدھا آر ڈی او دفتر پہنچے۔ معائنے کے دوران متعدد ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ ایم ایل اے نے خود حاضری رجسٹر منگوا کر جانچ کی اور غیر حاضر ملازمین کی تفصیلات طلب کیں۔ عملے نے بتایا کہ آر ڈی او این آر سریتا ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے لیے گئی ہیں۔ بعد ازاں ایم ایل اے نے فون پر آر ڈی او سے بات کی، جنہوں نے بتایا کہ وہ سرکاری اجلاس میں موجود ہیں۔ تاہم ایک اہم افسر، دو سینئر اسسٹنٹس، ایک ڈپٹی تحصیلدار، ایک جونیئر اسسٹنٹ اور دیگر ملازمین کی غیر حاضری پر ایم ایل اے نے شدید ناراضگی ظاہر کی۔ ایم ایل اے نے کہا کہ اس وقت ریاست بھر میں SIR عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ عوام بھی مختلف ضروریات کیلئے آر ڈی او دفتر آتے ہیں۔ ایسے وقت میں ملازمین کی لاپرواہی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے حاضر عملے کی تفصیلات بھی معلوم کیں، غیرحاضر ملازمین کے نام الگ سے درج کرائے اور دفتر کی مجموعی کارکردگی پر معلومات حاصل کیں۔ ویرلاپلی شنکر نے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے ہر سرکاری ملازم کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بطور ایم ایل اے عوام کیلئے ہر وقت دستیاب رہتے ہیں اور دن رات کسی بھی ضرورت پر فوری ردِعمل دیتے ہیں ، لہٰذا سرکاری ملازمین بھی اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ ادا کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آر ڈی او دفتر کے بارے میں عوام کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن پر اعلیٰ حکام کو فوری کارروائی کرنی چاہیے۔