شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کا اوّلین فریضہ

   

ہائی کورٹ میں حکومت مدلل جواب داخل کرے: سینئیر بی آر ایس قائد علی مسقطی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست : ( راست ) ۔ بی آر ایس پارٹی سینئیر قائد جناب علی مسقطی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پارٹی نے اپنے دورِ اقتدار میں غریب بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مُبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں غریب عوام کو مذکورہ بالا اسکیم سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا اب جب کہ تلنگانہ میں غریب اور مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی میں مالی امداد کیلئے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کو آئینی چیلنج کا سامنا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک وکیل کی جانب سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اسکیم کو آئین کے منافی قرار دیا گیا۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو اس معاملہ میں جواب داخل کرنے کیلئے چار ہفتوں کا وقت دیا تھا تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے حکومت کو مزید چار ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ بی آر ایس لیڈرعلی مسقطی نے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرے اور ہائی کورٹ میں ایک جامع، مضبوط اور مدلل جواب داخل کرتے ہوئے اسکیم کے قانونی اور آئینی تحفظ کو یقینی بنائے۔
اُنہوں نے کہا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم سے ریاست کے ہزاروں لاکھوں غریب اور مستحق خاندانوں کی امیدیں وابستہ ہیں۔ حکومت کی جانب سے عدالت میں بروقت جواب داخل نہ کرنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ حکومت کی خاموشی اور عدم دلچسپی سے یہ شبہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا وہ اس اہم فلاحی اسکیم کو جاری رکھنے کے لئے سنجیدہ ہے یا نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کے پاس اسکیم کے لئے درکار فنڈز کی کمی ہے اور وہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے مختلف بہانے تلاش کر رہی ہے۔ علی مسقطی نے کہا کہ کانگریس نے انتخابات سے قبل شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت مالی امداد ایک لاکھ روپئے کے ساتھ ساتھ ایک تولہ سونا فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد اس وعدہ کو تاحال پورا نہیں کیا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر غریب عوام کے مفاد کو مقدم رکھے ، ہائی کورٹ میں فوری طور پر مؤثر اور مدلل جواب داخل کیا جائے اور شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ علی مسقطی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار سے قبل اعلان کردہ تمام عوامی فلاح و بہبودی اسکیما ت کو یکسر طور پر نظر انداز کردیا۔۔